براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے عالمی ٹیم کے 10 کوہ پیما لاپتہ، 4 کی لاشیں برآمد
نیپال، پاکستان، چین، امریکہ، عمان اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما متاثر ہوئے
براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے بین الاقوامی کوہ پیما ٹیم کے تقریباً 10 ارکان لاپتہ ہو گئے، جن میں سے 4 کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پاکستان کی بارہویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک (8,047 میٹر) پر پیش آنے والے اس حادثے میں نیپال، پاکستان، چین، امریکہ، عمان اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما متاثر ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کئی گھنٹوں گزرنے کے باوجود لاپتہ افراد سے رابطہ نہیں ہو سکا۔
ادھر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جامع ریسکیو آپریشن کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں، الپائن کلب آف پاکستان اور پاکستان آرمی کو مکمل رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ تلاش اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق معروف نیپالی کوہ پیما نرمل “نمس” پورجا کی قیادت میں جانے والی بین الاقوامی ٹیم میں ہنزہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما سہیل سخی سمیت مختلف ممالک کے کوہ پیما شامل ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور خراب موسمی حالات کے باوجود فضائی اور زمینی ریسکیو ٹیمیں ہر وقت تیار رکھی جائیں تاکہ موقع ملتے ہی امدادی کارروائیاں فوری شروع کی جا سکیں۔
امجد حسین نے حادثے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لاپتہ کوہ پیماؤں کی سلامتی کے لیے دعا کی اور متعلقہ اداروں کو ریسکیو آپریشن کی پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔