سی ٹی ڈی پنجاب کا بڑا آپریشن، 54دہشت گرد گرفتار
پنجاب کے مختلف اضلاع میں 419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران متعدد اہم گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔
لاہور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے گزشتہ دو ماہ کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 54دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران متعدد اہم گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں بھارتی خفیہ ایجنسی را سے مبینہ روابط رکھنے والے 5 افراد بھی شامل ہیں۔
کارروائیوں کے دوران دھماکہ خیز مواد، آئی ای ڈیز، ڈیٹونیٹرز، سیفٹی فیوز وائر، ممنوعہ مواد اور دیگر اشیا برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق یہ آپریشنز لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، جہلم، پاکپتن، گوجرانوالہ، ساہیوال اور اوکاڑہ سمیت مختلف اضلاع میں کیے گئے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان مبینہ طور پر تخریبی سرگرمیوں اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران پنجاب بھر میں 13 ہزار سے زائد کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن میں لاکھوں افراد کی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔