جی ایچ کیو میں چینی پیپلز لبریشن آرمی کی 99ویں سالگرہ کی تقریب،پاک چین دفاعی تعاون کے عزم کا اعادہ
تقریب میں چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔
راولپنڈی: جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے قیام کی 99ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پیپلز لبریشن آرمی کو اس کی 99ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چین کی دفاعی صلاحیت، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پی ایل اے کی خدمات کو سراہا۔

اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور دونوں ممالک ابھرتے ہوئے علاقائی و عالمی چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی باہمی اعتماد، تعاون اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرتی رہیں گی۔

اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر پاکستان کی مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے پاکستان کے لیے چین کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔