آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ،21 نشستوں پر ووٹنگ جاری

ووٹرز صبح 8 بجے سے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں، جبکہ ووٹنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

August 2, 2026 · اہم خبریں

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 21 حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ووٹرز صبح 8 بجے سے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں، جبکہ ووٹنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

الیکشن حکام کے مطابق اس مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخاب ہو رہا ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ انتخابی عمل کے لیے 1483 پولنگ اسٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ تین انتخابی حلقوں ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8، حساس پر 6 اور عام پولنگ اسٹیشنز پر 4 سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 سیاسی جماعتیں اور متعدد آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ضلع مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی میں بھی ووٹرز بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنز کا رخ کر رہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفیٰ مغل نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں اور جمہوری عمل کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کا تیسرا مرحلہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں منعقد ہوگا، جس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔