آزاد کشمیر انتخابات: نیئر بخاری کے ن لیگ پر دھاندلی کے الزامات، نتائج مسترد کرنے کا اعلان

موجودہ انتخابی عمل کو کسی صورت آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات قرار نہیں دیا جا سکتا، پریس کانفرنس

August 2, 2026 · اہم خبریں, قومی

مظفر آباد:پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نےآزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے ن لیگ پر دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے نتائج مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیئر بخاری کا  آزاد کشمیر انتخابات کے دوران مسلم لیگ (ن) پر دھاندلی اور انتخابی بے ضابطگیوں کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے  کہنا تھا کہ ن لیگ جبر اور دھونس کے ذریعے انتخابات جیتنا چاہتی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) 2024 کے انتخابات میں بھی ناکام رہی تھی اور اب بھی غیر شفاف طریقوں سے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی نے الزام لگایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن مشتاق حسین کو قتل کیا گیا جب کہ متعدد پولنگ اسٹیشنوں کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکن ووٹروں میں بیلٹ پیپر تقسیم کرتے رہے۔

نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ انتخابی عمل میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں کا فوری نوٹس لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ انتخابی عمل کو کسی صورت آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات قرار نہیں دیا جا سکتا، اس لیے ایسے انتخابات کے نتائج بھی قابل قبول نہیں ہوں گے۔

سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہماری جماعت ان مبینہ بے ضابطگیوں کے تحت ہونے والے انتخابات کو تسلیم نہیں کرے گی ۔