آزاد کشمیر الیکشن ۔رانا ثناء اللہ نے پیپلز پارٹی کو سخت جواب دے دیا
پیپلز پارٹی پہلے قوم کو یہ بتائے کہ اس کا ایم این اے مسلح گارڈز کا لشکر لے کر سندھ سے مظفر آباد کیا کرنے آیا تھا؟ پریس کانفرنس
فائل فوٹو
اسلام آباد / مظفر آباد: وزیر اعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے آزاد کشمیر کے انتخابات اور دھاندلی کے الزامات پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سخت ترین جواب دے دیا ہے۔
وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن میں ہونے والی پولنگ خطے کی تاریخ کا پرامن ترین الیکشن ثابت ہوئی ہے، جس میں عوام نے بلا خوف و خطر اپنا جمہوری حق استعمال کیا۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے سوال اٹھایا ،دھاندلی کا واویلا مچانے والی پیپلز پارٹی پہلے قوم کو یہ بتائے کہ اس کا ایم این اے مسلح گارڈز کا لشکر لے کر سندھ سے مظفر آباد کیا کرنے آیا تھا؟ کیا آزاد کشمیر میں مسلح افراد کو لا کر ماحول خراب کرنے کی کوشش دھاندلی کا منصوبہ نہیں تھی؟
رانا ثناء اللہ نے کہاکہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر الیکشن کو شفاف، آزادانہ اور پرامن بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے۔ ایک طرف پیپلز پارٹی امن و امان کی بات کرتی ہے اور دوسری طرف صوبائی طاقت اور مسلح گارڈز کے ذریعے انتخابی عمل اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی۔
رانا ثناء اللہ نے کہاکہ مظفر آباد کے عوام نے امن اور ترقی کے بیانیے کے حق میں ووٹ دیا ہے اور الیکشن کمیشن کے طریقہ کار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ نتائج کو تسلیم نہ کرنا اور بے بنیاد الزامات تراشی کرنا پیپلز پارٹی کی پرانی عادت بن چکی ہے، لیکن مظفر آباد کے پرامن الیکشن نے ان کے تمام سیاسی ڈراموں کی قلعی کھول دی ہے۔