آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ سے حکومت بنے گی، رانا ثنا اللہ

انتخابات سے قبل دھاندلی کے الزامات عائد کیے گئے، تاہم اب ان الزامات کے حوالے سے ٹھوس شواہد پیش کیے جانے چاہئیں

August 3, 2026 · اہم خبریں

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے بعد مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہو گئی ہے اور عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر جماعت آزاد کشمیر میں حکومت قائم کرے گی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 20 نشستوں پر انتخابات ہوئے، جن میں مسلم لیگ (ن) نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ ان کے مطابق اب تک ہونے والے انتخابی مراحل میں مجموعی طور پر 45 میں سے 26 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کامیاب ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل دھاندلی کے الزامات عائد کیے گئے، تاہم اب ان الزامات کے حوالے سے ٹھوس شواہد پیش کیے جانے چاہئیں۔ ان کے بقول مختلف مواقع پر پولنگ اسٹیشنز کی تعداد سے متعلق دعوؤں میں بھی تبدیلی آتی رہی۔

رانا ثنا اللہ نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی وعدوں کے مطابق آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 10 اگست کو تیسرے مرحلے کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے گا، جس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور حکومت سازی سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عوام کو آزادانہ طور پر حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملا، تاہم انتخابی عمل کے دوران بعض مقامات پر پیش آنے والے واقعات سے انتخابی ماحول متاثر ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔