ایم کیو ایم مرکز پر فائرنگ:سانحہ بلدیہ کیس میں رہائی پانے والا رحمان بھولا پھر گرفتار

گزشتہ روز ایم کیو ایم کے بہادر آباد مرکز میں ہونے والی فائرنگ کے الزام میں رحمان بھولا کو گرفتار کیا گیا ، سیکٹر انچارج ذیشان بھی زیر حراست

August 3, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: سانحہ بلدیہ کیس میں رہائی پانے والے رحمان بھولا کو پولیس نے ایک بار پھر گرفتار کرلیا ہے۔

رحمان بھولا کو پولیس نے نارتھ ناظم آباد سے گرفتار کیا ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے، ویڈیو میں پولیس کو رحمان بھولا کو گرفتار کرکے لے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے بہادر آباد مرکز میں ہونے والی فائرنگ کے الزام میں رحمان بھولا کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیکٹر انچارج ذیشان کو بھی حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ایم کیو ایم کے کارکن عبید کے ٹو کے گھر بھی چھاپے مارے گئے ہیں لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بہادرآباد مرکز پر خالد مقبول صدیقی کے گروپ کا جشن آزادی کی تقریبات پر اجلاس ہو رہا تھا کہ اس دوران مصطفیٰ کمال گروپ کے لوگ انیس قائم خانی کی سربراہی میں اپنا اجلاس کرنے مرکز پہنچے۔انتظامیہ کے روکنے کی کوشش پر فائرنگ کی گئی تھی، تصادم کے بعد بہادر آباد مرکز بند کردیا گیا تھا۔