پاک فوج کا یومِ استحصال پر کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار
جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کا انحصار مسئلہ جموں و کشمیر کے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل پر پر منحصر ہے، پاک فوج
فائل فوٹو
راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے یومِ استحصال کے موقع پر بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے غیور اور بہادر عوام کے ساتھ مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری، ہلالِ جرات)، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف (نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز ملٹری، تمغۂ بسالت)، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو (نشانِ امتیاز ملٹری، ہلالِ جرات) اور پاکستان کی تمام مسلح افواج نے کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
مسلح افواج نے واضح کیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے عین مطابق ہے اور پاکستان اس کی پرخلوص حمایت جاری رکھے گا۔
بھارتی سیکیورٹی فورسز کے غیر قانونی قبضے، ملٹری محاصرے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور وادی کی آبادیاتی تناسب کو بدلنے کی ناپاک کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت کا اشتعال انگیز رویہ اور جنگی جنون علاقائی عدم استحکام اور انسانی مصائب میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔
پاک فوج نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کا انحصار مسئلہ جموں و کشمیر کے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل پر پر منحصر ہے۔
بیان کے آخر میں پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کی جانب سے شہدائے مقبوضہ جموں و کشمیر کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ان کی حق اور آزادی کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔