وزیرِاعظم شہباز شریف اور جائیکا کے صدر کی ملاقات،تعاون بڑھانے پر اتفاق

گزشتہ تین برس کے دوران سرکاری محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحاتی عمل مزید تیز کیا جا رہا ہے۔

August 5, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو نے 9 رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی، ترقیاتی اور تکنیکی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ شراکت داری، معاشی اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے ٹیم ورک اور مؤثر اصلاحات کے ذریعے معاشی چیلنجز پر قابو پانے کی سمت میں اہم پیش رفت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین برس کے دوران سرکاری محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحاتی عمل مزید تیز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جاپان اور جائیکا کے ساتھ اپنے دوستانہ اور دیرینہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور امید ہے کہ جائیکا کے صدر کا یہ دورہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

وزیرِاعظم نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے، تکنیکی تعلیم، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، خواتین کو بااختیار بنانے اور معدنیات کے شعبے کی ترقی کو حکومت کی اہم ترجیحات قرار دیا۔ انہوں نے معدنیات، فنی تربیت اور دیگر شعبوں میں جائیکا کے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔

ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے جاپان میں حالیہ زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا، جس پر جائیکا کے صدر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو نے کہا کہ جائیکا اور پاکستان کے درمیان تعاون کی ایک طویل اور مضبوط تاریخ موجود ہے، اور ادارہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ جاپان سمیت عالمی برادری مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کی سفارتی کوششوں کو مثبت انداز میں دیکھتی ہے۔

ملاقات میں وفاقی وزراء، وزیرِ مملکت اور وزیرِاعظم کے معاونین خصوصی بھی شریک تھے۔