وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے، ولی عہد سے اہم ملاقات کریں گے
دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے فروغ، اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
جدہ: وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلوی نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے فروغ، اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت کے درمیان ہونے والی یہ ملاقات دونوں برادر ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے اہم قرار دی جا رہی ہے۔
وزیرِاعظم اپنے دورے کے دوران عمرہ کی ادائیگی کریں گے اور مدینہ منورہ میں روضہ رسولؐ پر حاضری بھی دیں گے۔