میڈیکل بورڈ کی تبدیلی پر لواحقین کےتحفظات پر میر رضاعلی کی قبرکشائی موخر

والد میر حسن کی طرف سے کیس کے تفتیشی افسر کو تحریری درخواست

August 7, 2026 · اہم خبریں, قومی

 

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی قبر کشائی مؤخر کردی گئی۔ تیسرا میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ۔ تمام تر انتظامات مکمل ہونے کے باوجود راتوں رات میڈیکل بورڈ کی تبدیلی پر اہلخانہ کے شدید تحفظات اور عدم اعتماد کے باعث قبرکشائی موخرہوئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ،ممکنہ طور پر نیا نوٹیفکیشن پیر کے لیے جاری ہوسکتا ہے۔

 

میر رضا قتل کیس کے وکیل جبران ناصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میڈیکل بورڈ سے متعلق تیسرا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، پہلے اور دوسرے میڈیکل بورڈ کو ضم کرکے تیسرا میڈیکل بورڈ بنایا گیا ہے،ہم تیسرے نوٹیفکیشن کو بھی نہیں مانتے،میر رضا کے والدین نے بیانات تفتیشی افسر کو ریکارڈ کرادیے ہیں۔

 

جبران ناصر نے کہا کہ مجسٹریٹ کو آگا ہ کردیا ہےکہ نیامیڈیکل بورڈ قابل قبول نہیں، جو اس بددیانتی کے پیچھے تھے وہ مکمل ناکام نہیں ہوئے،قبرکشائی کے عمل میں تاخیرکرائی، مقتول کے والد براہ راست وزیراعلیٰ سندھ سے سوال کررہے ہیں، واقعے کی سلیکٹیو ویڈیو دکھائی جارہی ہے، جب عدالت گئے تو گولی کا خول مل گیا، کچھ دیر بعد شایدگن بھی مل جائےگی۔

 

مقتول کے والد میر حسن نے کیس کے تفتیشی افسر کو تحریری درخواست جمع کرائی ، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پہلے سے تشکیل شدہ آٹھ رکنی بورڈ کے علاوہ کسی بھی نئے بورڈ پر اعتماد نہیں۔والد نے واضح کیا کہ اگر پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کی سربراہی میں پہلا بورڈ ہی قبر کشائی کرے گا تو اجازت دی جائے گی، بصورت دیگر کسی نئے بورڈ کو قبر کشائی کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے سے قائم 8 رکنی میڈیکل بورڈ کی جگہ 5 رکنی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ نئے بورڈ میں ڈاکٹر سمعیہ سید کو کنوینر برقرار رکھا گیا ہے،  دیگر تمام اراکین تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ نئے بورڈ میں پروفیسر ڈاکٹر ذکی الدین، ڈاکٹر قاضی اکبر، ڈاکٹر عابد حسین چانگ اور ڈاکٹر وسیم شامل ہیں۔

میر رضا علی کے والدین نے میڈیکل بورڈ میں کی گئی تبدیلیوں کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بغیر کسی وضاحت کے بورڈ کی تشکیل تبدیل کی گئی، جس کے باعث انہیں نئے بورڈ پر اعتماد نہیں رہا۔

 

اہلخانہ کی جانب سے عدالت میں پیروی کرنے والے وکیل جبران ناصر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ متعلقہ حکام کو نئے بورڈ پر عدم اعتماد سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا، نئے نوٹیفکیشن کو بھی عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔

والدین کا کہنا ہے کہ وہ نئے میڈیکل بورڈ کو قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کی اجازت نہیں دیں گے، کیونکہ ان کے بقول اس سے کیس میں موجود شواہد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔قبرستان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میر رضا کے والد نے سوال اٹھایا کہ کس طاقت ور شخص کو بچایا جا رہا ہے۔