بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی آپریشنز،10دہشت گرد ہلاک،12 مشتبہ افراد گرفتار،کیپٹن شہید

حالیہ کشیدگی کے دوران ایرانی فوج، پاسداران انقلاب اور دیگر دفاعی اداروں نے ملک کے دفاع میں بھرپور کردار ادا کیا۔

August 8, 2026 · اہم خبریں

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران پاک فوج کا ایک کیپٹن بھی شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔

فوج کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے ایک مسجد میں پناہ لینے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے آپریشن جاری رکھتے ہوئے علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی۔

فائرنگ کے تبادلے میں 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید ہوگئے۔ ان کا تعلق نارووال سے بتایا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن حمزہ اکرم جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے۔

کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو میں مزید دہشت گردوں کی تلاش اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقوں کمبیلہ اور عاصم آباد میں بھی کارروائی کی گئی، جس کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی سرچ اینڈ سینیٹائزیشن آپریشن کے تحت کی گئی، جس کے دوران تقریباً 68 مربع کلومیٹر علاقے کو کلیئر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران مزید 2 دہشت گردوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں مبینہ دہشت گرد کمانڈر شوکت ماما بھی شامل ہے، جبکہ کارروائی کے دوران 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی متعدد مبینہ پناہ گاہیں بھی ختم کی گئیں۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق علاقے میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔