آسٹریلیا میں پاکستانی باسمتی چاول کو بھارتی پراڈکٹ قراردلانے کی کوشش ناکام۔ قانونی اخراجات اداکرنے کا حکم

آسٹریلوی وفاقی عدالت نےباسمتی ورڈ مارک کیس میں بھارتی ادارے اپیڈا کی اپیل خارج کر دی

August 12, 2026 · امت خاص, بام دنیا

فائل فوٹو

 

باسمتی کے نام پر بھارتی اجارہ داری کی کوشش ناکام ہوگئی، آسٹریلیا میں پاکستان کو بڑی قانونی فتح حاصل ہوگئی۔

آسٹریلوی وفاقی عدالت نے باسمتی ورڈ مارک کیس میں بھارتی ادارے اپیڈا کی اپیل خارج کر دی۔

وزارتِ تجارت کے مطابق باسمتی کیس میں آسٹریلوی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے اصولی اور مسلسل مؤقف کی توثیق ہے، عدالت نے بھارتی ادارے اپیڈا کو فریقِ مخالف کے قانونی اخراجات ادا کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

بھارتی ادارے اپیڈا نے آسٹریلیا میں باسمتی کے لفظ کو بطور سرٹیفکیشن ٹریڈ مارک رجسٹر کرانے کی درخواست دی تھی، آسٹریلوی رجسٹرار آف ٹریڈ مارکس نے 22 دسمبر 2022 کو بھارتی درخواست مسترد کر دی تھی۔

وزارتِ تجارت کے مطابق آسٹریلوی حکام پہلے ہی تسلیم کر چکے ہیں کہ باسمتی چاول پاکستان میں بھی پیدا ہوتا ہے، پاکستانی تاجروں اور برآمد کنندگان کو باسمتی کا نام استعمال کرنے کا مساوی اور جائز حق حاصل ہے۔