اسلام آباد،کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
پی ڈی ایم اے کی متعلقہ اداروں کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 15 اگست تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں آج بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی موسم جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں دن کے بیشتر اوقات مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ شام کے وقت بارش ہوسکتی ہے۔ شہر میں صبح کے وقت درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو دن کے دوران 34 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں ہوا تقریباً 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کراچی میں موسم ابرآلود اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں رات کے وقت بوندا باندی کا امکان ہے۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 28.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت مختلف اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔