جشن آزادی مبارک ؛ پاکستان سے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے ، ایران
ایران اور پاکستان کے مشترکہ مفادات اور تقدیریں پہلے سے کہیں زیادہ ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں، ایرانی صدر مسعود پزیشکیان
فائل فوٹو
تہران: ایران کا پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے 79 ویں جشن آزادی کی مبارک باد بھی دی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزیشکیان نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مشترکہ مفادات اور تقدیریں پہلے سے کہیں زیادہ ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ اس لیے دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت بھی پہلے سے بڑھ گئی ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان کا یومِ آزادی ایران اور پاکستان کے دیرینہ، برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے ایک نیا موقع ہے۔
انھوں نے واضح کیا کہ ایران اور پاکستان کے ساتھ جامع تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، احترام اور موجود وسیع صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سربلندی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں۔
ایرانی صدر کا یہ پیغام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب رواں سال دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جون میں مسعود پزیشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا سرکاری دورہ کیا تھا۔
علاوہ ازیں پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے مفاہمتی یادداشت کے لیے ثالث اور میزبان کا کردار ادا کیا تھا اور اب بھی وزیر داخلہ محسن نقوی تہران میں ایرانی صدر اور وزرا سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔
ایران کے علاوہ پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر دیگر متعدد ممالک نے پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد دی جن میں سعودی عرب، قطر، بحرین، اردن اور روس شامل ہیں۔
ایرانی صدر کا تازہ پیغام اس بات کا اشارہ ہے کہ ایران موجودہ علاقائی حالات کے باوجود اسلام آباد کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور سفارتی روابط کو مزید وسعت دینے کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتا ہے۔