بلوچستان میں مصنوعی بارش-روسی کمپنی میدان میں آگئی

 

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے میں آبی قلت اور خشک سالی کے پیش نظر روسی کمپنی سے تجرباتی بنیاد پرمصنوعی بارش کا معاہدہ کرلیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور روسی کمپنی کے نمائندوں کی ملاقات میں گوادر میں سوڑ ڈیم اور آنکاڑہ کور ڈیم پر مصنوعی بارش برسانے کے تجربے کی منظوری دی گئی۔ ملاقات کے دوران روسی ماہرین نے آگاہ کیا کہ کمپنی بلوچستان میں سالانہ 3سو ملی میٹر مصنوعی بارش برسانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جدید سائنسی طریقہ کار کے تحت سمندر کے اوپر بادل بناکر انہیں کسی بھی علاقے کے اوپر لے جاکر برسایا جاسکتا ہے۔

مصنوعی بارش میں بادلوں پر ہوائی جہاز کے ذریعے دو سے چار فٹ کی بلندی سے کاربن ڈائی آکسائیڈ، سوڈیم کلورائیڈ اور سلور آئیوڈائیڈ جیسے مرکبات چھڑکائے جاتے ہیں۔ مصنوعی بارش کے لیے بادلوں کی تہہ کو سات سے دس ہزار فٹ موٹا ہونا چاہیے۔ ہوا میں 70 سے 75 فیصد نمی اور رفتار 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہونا ضروری ہے۔ مصنوعی بارش برسانے کا مقصد گرمی کی شدت میں کمی لانا اور خشک سالی کا خاتمہ کرنا ہے۔