انصاف ہو تو ایسا

0

حضرت کلیبؒ کہتے ہیں: حضرت علی المرتضیٰؓ کے پاس اصبہان سے مال آیا، آپؓ نے اسے سات حصوں میں تقسیم کیا۔ اس میں آپ کو ایک روٹی بھی ملی۔ آپؓ نے اس کے سات ٹکڑے کئے اور ہر حصے پر ایک ٹکڑا رکھ دیا، پھر لشکر کے ساتوں حصوں کے امیروں کو بلایا اور ان میں قرعہ اندازی کی تاکہ پتہ چلے کہ ان میں سے پہلے کس کو دیا جائے۔
ایک مرتبہ حضرت علیؓ کے پاس دو عورتیں مانگنے کے لیے آئیں، ان میں سے ایک عربی تھی اور دوسری اس کی آزاد کردہ باندی تھی، آپؓ نے حکم دیا کہ ان میں سے ہر ایک کُر (تقریباً 63 من) غلہ اور چالیس درہم دیئے جائیں۔ اس آزاد شدہ باندی کو تو جو ملا وہ اسے لے کر چلی گئی، لیکن عربی عورت نے کہا: اے امیر المومنین! آپ نے اس کو جتنا دیا مجھے بھی اتنا ہی دیا، حالانکہ میں عربی ہوں اور یہ آزاد کردہ باندی ہے، اس سے حضرت علیؓ نے فرمایا: میں نے حق تعالیٰ کی کتاب میں بہت غور سے دیکھا تو اس میں مجھے اولاد اسماعیلؑ کو اولاد اسحاقؑ پر کوئی فضیلت نظر نہیں آئی۔
حضرت علی بن ربیعہؒ کہتے ہیں: حضرت جعدہ بن ہبیرہؒ نے حضرت علیؓ کی خدمت میں آکر کہا: اے امیر المومنین! آپ کے پاس دوآدمی آئیں گے۔ ان میں سے ایک کو تو اپنی جان سے بھی زیادہ آپ سے محبت ہے یا یوں کہا: اپنے اہل عیال اور مال و دولت سے بھی زیادہ محبت ہے اور دوسرے کا بس چلے تو آپ کو ذبح کردے۔ اس لئے آپ دوسرے کے خلاف پہلے کے حق میں فیصلہ کریں۔ اس پر حضرت علیؓ نے جعدہ کے سینہ پر ہاتھ مارا اور فرمایا: اگر یہ فیصلے اپنے آپ کو راضی کرنے کے لئے ہوتے تو میں ضرور ایسا کرتا، لیکن یہ فیصلے تو رب کو راضی کرنے کے لئے ہوتے ہیں (اس لئے میں تو حق کے مطابق فیصلہ کروں گا۔ اب وہ فیصلہ جس کے حق میں چاہے ہو جائے)۔
حضرت اصبغ بن نباتہؒ کہتے ہیں: میں حضرت علی بن ابی طالبؓ کے ساتھ بازار گیا۔ آپ نے دیکھا کہ بازار والے اپنی جگہ سے آگے بڑھ گئے ہیں۔ آپ نے پوچھا: یہ کیا ہے؟ لوگوں نے بتایا کہ بازار والے اپنی جگہ سے آگے بڑھ گئے ہیں۔ آپ نے فرمایا: اپنی جگہ بڑھا لینے کا انہیں کوئی حق نہیں ہے۔ مسلمانوں کا بازار نمازیوں کے نماز پڑھنے کی جگہ یعنی مسجد کی طرح ہوتا ہے، لہٰذا جس جگہ کا کوئی مالک نہیں ہے، وہاں پہلے آکر جو قبضہ کرے گا وہ جگہ اس دن اسی کی ہوگی ہاں وہ خود اسے چھوڑ کر کہیں چلا جائے تو اس کی مرضی۔ (بحوالہ حیاۃ الصحابۃؓ جلد دوم)
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More