بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگانے کے لیے حکومت سے جواب طلب

وزارتوں، PTA اور PEMRA کو نوٹس، بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر جواب طلب

August 31, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو ریگولیٹ کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت آئی ٹی، وزارت اطلاعات، وزارت داخلہ، وزارت قانون، PTA اور PEMRA کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے قانون سازی کی ہدایات سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

شہری وقاص ناصر کے وکلاء محمد جلال حیدر اور یحییٰ فرید خواجہ عدالت پیش ہوئے۔

درخواست میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے حوالے سے عمر کی تصدیق کا مؤثر نظام بنانے کی استدعا کی گئی۔

بچوں کو سوشل میڈیا کے مضر اثرات، سائبر بُلنگ، آن لائن ہراسگی اور نقصان دہ مواد سے محفوظ بنانے کے لیے قانون سازی کی استدعا کی گئی۔

درخواست میں بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے جامع قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دینے کی استدعا کی گئی۔

وکیل جلال حیدر نے کہا کہ مختلف ممالک کی قانون سازی کو بچوں کے ڈیجیٹل تحفظ کے لیے بین الاقوامی رجحان قرار دیا گیا.وکیل جلال حیدر نے کہا کہ بچوں کے بہترین مفاد کا تحفظ ریاست کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے

درخواست میں بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے خصوصی سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری میکنزم قائم کرنے کی استدعا کی گئی۔

وکیل جلال حیدر کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو عمر کی حد اور حفاظتی اقدامات سے مشروط کر رہے ہیں، پاکستان میں بھی مؤثر قانون سازی کی جائے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ پیمرا میں کچھ اس سے متعلق کوئی قانون ہے کیا؟

وکیل جلال حیدر نے کہا کہ پیمرا کے پاس کسی کے خلاف شکایت موصول ہونے پر کارروائی کرنے کا قانونی اختیار موجود ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اب تک اس حوالے سے کوئی مخصوص قانون بنایا گیا ہے؟

وکیل جلال حیدر نے کہا کہ اس سے متعلق اب تک کوئی قانون نہیں بنایا جاسکا۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا، لاء افسر کو نوٹسز پر عملدرآمد کی ہدایت کردی۔

عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔