ترک مسلح افواج کے یومِ فتح کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات اور قریبی دوطرفہ روابط کو اجاگر کیا گیا، جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ایک دوسرے کے لیے غیر متزلزل حمایت کی تاریخ پر مبنی ہیں۔
اس موقع پر شرکاء نے ترک مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی اور تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں پاک فوج کے افسران، سفارتخانہ جمہوریہ ترکیہ کے حکام اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کا اختتام جمہوریہ ترکیہ کے عوام اور مسلح افواج کے لیے نیک خواہشات کے اظہار کے ساتھ ہوا۔