ٹرمپ کی ایران پر ایک اور حملے کی دھمکی، آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ
امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ایران اپنے ریڈار اور میزائل نظام دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جس پر امریکا گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایک اور حملے کے لیے تیار ہے، تاہم نئی مہم زیادہ طویل نہیں ہوگی۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حکومت وقت کے ساتھ کمزور ہو رہی ہے اور امریکا ایران میں نمایاں نتائج حاصل کر رہا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کے مطابق ایران اپنے ریڈار اور میزائل نظام دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جس پر امریکا گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور ایران کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام جلد اپنی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے اور مزید مبینہ جبر برداشت نہیں کریں گے۔
ٹرمپ کے مطابق ایران میں مظاہروں کے دوران 65 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ایرانی حکومت مظاہرین کے خلاف سخت کارروائی کرتی ہے۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران کے جوہری پروگرام اور فوجی صلاحیتوں پر امریکا کی نظر ہے اور واشنگٹن ضرورت پڑنے پر مزید کارروائی کرسکتا ہے۔