وزیراعظم کی زیر صدارت ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری

بورڈ تجارت کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی، روڈ میپ اور ٹریڈ فیسلیٹیشن انڈیکس سمیت نگرانی کا مؤثر نظام وضع کرے گا۔

September 3, 2026 · اہم خبریں
فوٹو سوشل میڈیا ایکس

فوٹو سوشل میڈیا ایکس

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تجارت کے شعبے میں سہولیات بہتر بنانے اور ملکی بندرگاہوں کی کارکردگی بڑھانے کے لیے ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت تجارت میں آسانیاں پیدا کرنے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ملکی تجارت، سرحد پار کاروباری سرگرمیوں اور بندرگاہوں کی استعداد کار میں بہتری کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ مجوزہ ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ تجارت سے وابستہ مکمل سپلائی چین کو مؤثر بنانے کے ساتھ سرحد پار تجارت میں درپیش غیر محصولاتی رکاوٹوں سے متعلق معاملات پر فیصلے کرے گا۔

بورڈ تجارت کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی، روڈ میپ اور ٹریڈ فیسلیٹیشن انڈیکس سمیت نگرانی کا مؤثر نظام وضع کرے گا۔

وزیراعظم نے بندرگاہوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے فوری بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مختلف شعبوں کے درمیان رابطہ کاری کے لیے ورکنگ گروپس تشکیل دینے کا بھی حکم دیا۔

ورکنگ گروپس بندرگاہوں کی کارکردگی بہتر بنانے، متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے، قواعد و ضوابط پر عمل درآمد، جہاز کی آمد سے قبل کلیئرنس کے عمل اور بین الاقوامی تجارت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی شمولیت جیسے معاملات پر کام کریں گے۔

وزیراعظم نے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کے لیے بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر متعلقہ مراحل کو آسان بنانے اور کاروباری طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جاری اصلاحات کے نتیجے میں بندرگاہی اخراجات میں کمی لائی گئی ہے، جس سے بندرگاہوں کے استعمال میں بہتری آئی ہے۔ بریفنگ کے مطابق جہازوں کی آمد سے قبل گڈز ڈیکلریشن جمع کرانے کی سہولت کے استعمال میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تجارت سے متعلق طریقہ کار کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ملکی برآمدات اور بین الاقوامی تجارت میں پاکستان کی مسابقتی حیثیت بہتر بنائی جاسکے۔