راولپنڈی میں شادی شدہ خاتون کی پھندہ لگی لاش برآمد۔شوہرسمیت2گرفتار
میاں بیوی میں اکثر ناچاقی رہتی تھی۔ ایف آئی آر
اڈیالہ روڈ حبیب لائن راولپنڈی میں خاتون کی پھندہ لگی لاش گھر کے کمرے سےملنے پر پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ایف آئی آرمقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں درج کی گئی۔
مقدمے کے متن کے مطابق مقتولہ کی شادی دو سال قبل تنویر سے ہوئی تھی، جو دبئی میں ملازمت کرتا تھا اور چار ماہ قبل پاکستان واپس آیا۔ایف آئی آر کے مطابق ملزم تنویر کےلڑکیوں سے فون پر بات کرنے اور زیادہ وقت گھر سے باہر گزارنے کے باعث میاں بیوی میں اکثر ناچاقی رہتی تھی۔
ایف آئی آرمیں کہاگیاہے کہ مقتولہ کے بھائی کا کہناتھا گزشتہ چار روز سے بہنوئی مقتولہ کو مبینہ طور پر ذہنی دباؤ میں رکھے ہوئے تھا۔ گزشتہ شام مقتولہ نے والدہ کوفون پر بتایا تھا کہ سسرال والے اسے پریشان کر رہے ہیں۔
مقتولہ کے بھائی نے فون کیا تو کال اس کی نند نے اٹینڈ کی اور بتایا کہ آپ کی بہن نے خودکشی کرلی ہے۔مقتولہ کے بھائیوں نے موقع پر پہنچ کر دیکھا تو مقتولہ کے ہاتھوں پر تازہ مہندی لگی ہوئی تھی،اور گلے میں پھندہ تھا،ان کی بہن کو اس کے خاوند تنویر نے عبدالعزیز کے ساتھ مل کر گلےمیں پھندہ دے کر قتل کیا ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہناہے کہ مقدمہ میں نامزد خاتون کے شوہر اور شوہر کے کزن کو تحویل میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے۔جہ موت کا حتمی تعین پوسٹ مارٹم و فرانزک رپورٹس کی روشنی میں کیا جا سکے گا۔
مقتولہ کی لاش سے مختلف سیمپلز حاصل کرکے فرانزک تجزیہ کے لئے لاہوربھجوا دیئے گئے ہیں۔