آزاد کشمیر: ضلع باغ میں فائرنگ، ایف سی اہلکار شہید، رینجرز اہل کار زخمی

جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک ،دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

September 5, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

باغ: آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں مسلح افراد نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں فرنٹیر کانسٹیبلری (ایف سی) کا ایک اہلکار شہید جبکہ رینجرز کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

آزاد کشمیر پولیس کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ اس وقت ہوا جب وہ معمول کے ڈیوٹی امور انجام دے رہے تھے۔ مسلح افراد کی فائرنگ کے فوراً بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولی بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے دیگر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ زخمی رینجرز اہلکار کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔