ریاض پر میزائل حملہ ناکام۔سعودی فضائی حملوں میں حوثیوں کے 60 عسکری اہداف تباہ

صنعا، حدیدہ، عمران اور صعدہ کے صوبوں میں کارروائی

November 18, 2026 · اہم خبریں

 

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر حوثیوں کا کروز میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا۔سعودی اتحاد نے میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا۔ادھر سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے یمن کے چار شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے حوثی باغیوں کے 60 فوجی اہداف تباہ کردیے ہیں۔

سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل (اسٹاف) ترکی المالکی نے حوثی دہشت گرد ملیشیا کی صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کے لیے ایک خصوصی فوجی کارروائی کا اعلان کیا۔

ترجمان کے بیان میں تصدیق کی گئی کہ صنعا، حدیدہ، عمران اور صعدہ کے صوبوں میں 60 فوجی اہداف تباہ کیے گئے۔ترجمان نے اشارہ کیا کہ اس خصوصی کارروائی کا مرکز بیلسٹک صلاحیتوں اور ڈرونز کو کمزور کرنا اور بحری خطرے کو بے اثر کرنا تھا۔

ترجمان نے مزید بتایاکہ کہ بیلسٹک میزائلوں کے پہاڑی ذخیرہ گاہوں کی سرنگیں اور ڈرونز کی اسمبلی اور ذخیرہ کرنے کی ورکشاپس تباہ کر دی گئیں۔ ان کے مطابق مختلف مقامات پر حوثیوں کی فوجی تنصیبات کو انتہائی درست نشانہ بنایا گیا۔