یوم دفاع و شہدائے پاکستان، مسلح افواج کا شہدائے وطن کو سلام
شہدا کے اہلِ خانہ بھی قوم کے لیے حوصلے، عزم اور ثابت قدمی کی قابلِ احترام مثال ہیں۔آئی ایس پی آر
فائل فوٹو
راولپنڈی: یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر مسلح افواج نے ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو عقیدت و احترام سے خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف نے شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں سلام پیش کیا۔ مسلح افواج کی جانب سے غازیوں اور شہدا کے اہلِ خانہ کی خدمات اور قربانیوں کو بھی سراہا گیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ 6 ستمبر پاکستانی قوم کے اتحاد، بہادری اور غیر متزلزل عزم کی یاد تازہ کرتا ہے۔ 1965ء کی جنگ کے دوران پوری قوم نے متحد ہو کر مادرِ وطن کے دفاع کا عزم کیا اور دشمن کے سامنے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔
بیان کے مطابق پاکستان کے شہدا فرض شناسی، قومی غیرت اور بے مثال قربانی کی اعلیٰ مثال ہیں۔ بری محاذ، فضائی حدود اور سمندری حدود کے دفاع کے دوران وطن کے محافظوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہدا کے اہلِ خانہ بھی قوم کے لیے حوصلے، عزم اور ثابت قدمی کی قابلِ احترام مثال ہیں۔ یوم دفاع کے موقع پر قوم اپنے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔