ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدا آج قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

یومِ دفاع و شہدا 1965 کی جنگ کی یاد میں منایا جاتا ہے، جب پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے بھرپور دفاع کیا تھا۔

September 6, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 کراچی: ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہدا قومی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر شہدائے وطن کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے جبکہ ملکی دفاع کے لیے مسلح افواج اور قوم کے عزم کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔

یومِ دفاع و شہدا 1965 کی جنگ کی یاد میں منایا جاتا ہے، جب پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے بھرپور دفاع کیا تھا۔ اس تاریخی موقع پر شہدا کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے۔

یومِ دفاع و شہدا کی مناسبت سے کراچی میں مزارِ قائد پر خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، جہاں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

تقریب میں ایئر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان، ایئر وائس مارشل حسن فیصل مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی اور ملکی فضائی حدود کے دفاع کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھارتی جارحیت کے موقع پر بھی پاک فضائیہ نے بھرپور جواب دیا۔ سربراہ پاک فضائیہ کی قیادت میں جدید دفاعی نظام اور صلاحیتوں کے ذریعے ملک کے دفاع کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔

ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ملک ہے، تاہم ملکی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔