کراچی سندھ کا حصہ رہے گا، سلمان اکرم راجہ

مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ پارلیمنٹ کے اندر ہم آہنگی پر بات ہوئی ہے،ہم کسی ریفرنڈم کو نہیں مانیں گے ،میڈیا سے گفتگو

September 6, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

عمرکوٹ: پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سکریٹری بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کاکہناہے کہ پاکستان کو ڈنڈے کے زور پر چلایا جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمرکوٹ میں مالہی ہاؤس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ2024 میں ہونیوالے دھاندلی زدہ انتخابات کے ذریعے حکومت بنائی گئی ہے، سندھ اسمبلی کو بھی جعلی اسمبلی سمجھتاہوں، موجود اسمبلی کی جانب سے کی جانیوالی آئینی ترمیم کوتسلیم نہیں کرینگے۔ آئین کہتا ہے کہ جب تک صوبائی اسمبلی2 تہائی اکثریت سے قرارداد پاس نہ کرے نئے صوبے نہیں بن سکتے۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ 18 ویں ترمیم کو ختم کریں تاکہ نئے صوبے بنانے کی راہ ہموار کی جاسکیں ۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان نہیں چاہیں گے کہ صوبے کا حق چھین لیا جائے اور نہ ہی خان نے ہمیں ایسا کوئی حکم دیاہے،سندھ اسمبلی کا واک آؤٹ اس لئے کیاکیونکہ ہم اس اسمبلی کو نہیں مانتے،سندھ کے عوام پریشان نہ ہوں، ہم آپ کے ساتھ ہیں، کراچی سندھ کا حصہ رہے گا، یہ مؤقف پارٹی کی اکثریت کا مؤقف ہے،ہم سندھ،بلوچستان،کے پی کے اور پنجاب کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ پارلیمنٹ کے اندر ہم آہنگی پر بات ہوئی ہے،ہم کسی ریفرنڈم کو نہیں مانیں گے ،ہم صوبائی حق کا تحفظ کرینگے،کسی بھی ابہام پر یقین نہیں کرنا چاہیے، پمز اسپتال کے 14 بچے ہوں یا تھرپارکر کے ہمیشہ ظلم کا شکار ہی رہے ہیں۔