عالمی منڈی میں تیل مزید مہنگا۔ امریکہ جنگ چھیڑکر اس کابل پوری دنیاسے لیناچاہتاہے، ایران

برینٹ کی قیمت0 اعشاریہ 54 فیصد بڑھ گئی

September 7, 2026 · اہم خبریں
فائل فوٹو

فائل فوٹو

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔ آبنائےہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر امریکا اور ایران کے تازہ حملوں کے بعد عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں طویل تعطل کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

پیرکو ابتدائی کاروبارمیں برینٹ خام تیل کی قیمت0 اعشاریہ 54 فیصد اضافے کے بعد 96 اعشاریہ 80 ڈالرز فی بیرل ہوگئی،ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 0اعشاریہ 72فیصد بڑھ کر 92اعشاریہ 14ڈالرز فی بیرل پر پہنچ گئی۔ادھرایرانی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ امریکا اب اپنی پیدا کردہ صورتحال کا ’بل‘ پوری دنیا کو پیش کرنے اور اس پر ایران کا نام لکھنے کی کوشش کررہا ہے۔

خارجہ ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ واشنگٹن نے جنگ شروع کرنے کے بعد اس کے اثرات اور اخراجات کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرانے کی کوشش شروع کردی ہے۔ امریکا نے خطے پر غیر قانونی اور وحشیانہ جنگ مسلط کی، جس کے نتیجے میں تجارتی جہاز رانی کا نظام متاثر ہوا اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے سے قبل آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معمول کے مطابق جاری تھی۔ امریکا جنگ خود شروع کرکے اس کی ادائیگی پوری دنیا سے کرانے کی توقع کر رہا ہے۔ امریکاکی جانب سے صرف ایران کو خطے میں افراتفری کا ذمہ دار قرار دینا سراسر مضحکہ خیز ہے۔