حماد اظہر ہتھکڑی لگا کر عدالت پیش- 20 روزہ ریمانڈ

لاہور پولیس نے حراست میں لینے کے ایک دن بعد گرفتاری ظاہر کردی

September 7, 2026 · اہم خبریں
حماد اظہر کی عدالت پیشی کے موقع پر تصویر

حماد اظہر کی عدالت پیشی کے موقع پر تصویر

تحریکِ انصاف کے رہنما حماد اظہر کو اتھوں میں ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کردیا گیا جہاں سے انہیں 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

حماد اظہر کو اتوار کے روز ملتان سے حراست میں لیا گیا تھا تاہم پولیس نے فوری طور پر ان کی گرفتاری نہیں ڈالی تھی جس پر والدہ نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ اس کے بعد پیر کے روز لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اشتہاری مجرم تھے اور پولیس کو 18 مقدمات میں مطلوب تھے۔

ترجمان لاہور پولیس کی جانب تے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ حماد اظہر گذشتہ تین سال سے روپوش تھے اور اب انھیں مجاز عدالت میں پیش کر کے اُن کا تفتیش کی غرض سے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے اتوار کے روز دعویٰ کیا تھا پولیس نے حماد اظہر کو گرفتار کر لیا ہے، پی ٹی آئی نے اس اقدام کو ’سیاسی انتقام‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی تھی۔

تاہم پی ٹی آئی کے ان ابتدائی دعوؤں پر پولیس حکام کا کہنا تھا کہ انھیں حماد اظہر کی گرفتاری کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر پر نو مئی 2023 کو ہونے والے پرتشدد ہنگاموں کے علاوہ دیگر معاملات میں کئی مقدمات درج ہیں۔