کپتان فاطمہ ثنا کو بھارتی کھلاڑی کو اشارہ کرنا مہنگا پڑ گیا، جرمانہ عائد

بھارت کےخلاف میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر،فاطمہ ثنا کو میچ فیس کا10 فیصد جرمانہ عائدکیا گیا۔

September 7, 2026 · اسپورٹس

فائل فوٹو

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا پر ویمنز ایشیا کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔

فاطمہ ثنا نے بھارت کے خلاف گروپ اے کے میچ کے دوران بھارتی اوپنر شفالی ورما کو آؤٹ کرنے کے بعد پویلین کی جانب جانے کا اشارہ کیا تھا، جس پر آئی سی سی نے ان کے خلاف لیول ون کی خلاف ورزی پر کارروائی کی۔

فاطمہ ثنا کو آئی سی سی کے کھلاڑیوں اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے ضابطہ اخلاق کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا۔ یہ شق کسی بیٹر کو آؤٹ کرنے کے بعد ایسے الفاظ، حرکات یا اشاروں کے استعمال سے متعلق ہے جو بیٹر کو کم تر دکھائیں یا اس کی جانب سے جارحانہ ردعمل کو اکسا سکتے ہوں۔

جرمانے کے علاوہ فاطمہ ثنا کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا گیا، جس کے بعد گزشتہ 24 ماہ کے دوران ان کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ ان کا پہلا ڈی میرٹ پوائنٹ 6 اگست 2025 کو ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ملا تھا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شفالی ورما نے پاکستان کے معمولی ہدف کے تعاقب میں جارحانہ انداز اپنایا۔ شفالی اپنی چھٹی گیند پر آؤٹ ہوئیں، جب انہوں نے گیند کو ہوا میں اٹھایا اور کیچ باؤلر کی جانب واپس چلا گیا۔ کیچ مکمل کرنے کے بعد فاطمہ ثنا نے پویلین کی جانب اشارہ کیا۔

فاطمہ ثنا نے اپنی غلطی تسلیم کرلی اور ایمریٹس آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کی رکن سپریا داس کی جانب سے تجویز کردہ سزائیں قبول کرلیں، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

لیول ون کی خلاف ورزیوں پر کم از کم باضابطہ سرزنش اور زیادہ سے زیادہ کھلاڑی کی میچ فیس کے 50 فیصد جرمانے کے ساتھ ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس کی سزا دی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 18.1 اوورز میں 55 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے 8.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے میچ اپنے نام کرلیا۔

بھارت کے ہاتھوں شکست کے باوجود پاکستان کے پاس ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا موقع موجود ہے۔ قومی ٹیم آج ہانگ کانگ، چین کے خلاف میدان میں اترے گی اور کامیابی کی صورت میں سیمی فائنل میں جگہ بنا لے گی۔