نیتن یاہو 7 اکتوبر کے حملے سے قبل ازوقت آگاہ تھے۔ حیران کن انکشاف

سکیورٹی حکام کو اس حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی ،اسرائیلی اخبار

September 8, 2026 · امت خاص

 

اسرائیلی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم نتین یاہو 7 اکتوبر حملے سے قبل ازوقت آگاہ تھے۔ اماراتی صدرنے انہیں خبردارکردیا تھا۔

اخبار ’’ ہارٹز‘‘ کےمطابق ،تقریباً 10 روز قبل متحدہ عرب امارات کے صدر نے ذاتی طور پر اسرائیلی وزیر اعظم کو خبردار کیا تھا کہ حماس اسرائیل کے خلاف ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

اخبار نے کہا کہ نیتن یاہو نے ملکی سکیورٹی حکام کو اس حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی اور اس اہم معلومات پر کوئی کارروائی نہیں کی۔

اسرائیلی اخبار کی اس رپورٹ میں صحافی شلومی ایلڈر اور روتھ یووال کی نئی کتاب کا حوالہ دیا گیا ہے جو دنیا بھر کے اعلیٰ حکام سمیت درجنوں ذرائع کے انٹرویوز پر مبنی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ستمبر کے آخر میں دونوں رہنماؤں کے درمیان 45 منٹ طویل ٹیلیفونک گفتگو ہوئی تھی، جس کے مندرجات سے تین اعلیٰ غیر ملکی حکام کو بھی آگاہ کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے اماراتی صدر کے ایک فلسطینی مشیر کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جو غزہ سے متحدہ عرب امارات منتقل ہوئے تھے اور اس گفتگو کے بارے میں براہ راست علم رکھتے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اماراتی صدر محمد بن زاید نے نیتن یاہو کو خبردار کیا تھا کہ حماس رہنما یحییٰ سنوار اسرائیل کے خلاف کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں خونریزی ہو سکتی ہے، خطے کا امن متاثر ہو سکتا ہے اور اسرائیل و عرب ممالک کے درمیان ہونے والے ‘معاہدات ابراہیمی کو ممکنہ طور پر نقصان پہنچ سکتا ہے۔

محمد بن زاید کو حماس کے اس ممکنہ خطرے کا علم خود یحییٰ سنوار کی جانب سے ہوا تھا جو 2023 کے وسط میں اسرائیل کے ساتھ فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے معاہدے میں پیش رفت نہ ہونے پر خوش نہیں تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 45 منٹ کی اس کال پر نیتن یاہو کے حد سے زیادہ پرسکون ردعمل نے اماراتی صدر کو حیران کر دیا، اسرائیلی وزیر اعظم نے انہیں جواب دیا کہ اسرائیل غزہ کی صورتحال پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہے، حماس کی کوئی بھی ممکنہ کارروائی مغربی کنارے میں ہو سکتی ہے اور یہ کہ اسرائیل ہر قسم کے منظر نامے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔