ایران جنگ کے اثرات، ناروے کی بجٹ ایئرلائن دیوالیہ ہو گئی
بحران شدت اختیار کر گیا، تمام پروازیں معطل، ٹکٹوں کی فروخت بند
ایران جنگ کے اثرات، ناروے کی بجٹ ایئرلائن دیوالیہ ہو گئی
ایران جنگ کے منفی معاشی اثرات اور ایندھن کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث ناروے کی معروف بجٹ ایئرلائن ‘نارس اٹلانٹک ایئرویز’ نے اپنے مرکزی آپریٹنگ یونٹ کے لیے دیوالیہ پن کا باضابطہ کیس دائر کر دیا ہے۔ اس ناگوار پیش رفت کے بعد کمپنی نے اپنی تمام ملکی و بین الاقوامی پروازیں اور ٹکٹوں کی فروخت مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایئرلائن کو جنگی صورتحال کی وجہ سے ہوابازی کے ایندھن (جیٹ فیول) کی قیمتوں میں شدید اضافے کا سامنا تھا، جبکہ دوسری جانب ہنگامی فنڈز یا بروقت مالی امداد نہ ملنے کے باعث کاروباری امور کو جاری رکھنا سراسر ناممکن ہو چکا تھا۔ مالیاتی دباؤ اس قدر بڑھ گیا کہ انتظامیہ کے پاس دیوالیہ پن کا راستہ اپنانے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔
آپریشنل سرگرمیاں معطل ہوتے ہی ایئرلائن کی کسٹمر سروس بھی مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے، جس کے باعث پہلے سے ٹکট خریدنے والے ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دیوالیہ پن کی قانونی کارروائی کے پیچیدہ عمل کے تحت متاثرہ مسافروں کے ٹکٹوں کی رقم کی واپسی کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکی، جس سے مسافروں کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان کا خدشہ لاحق ہے۔
ذرائع کے مطابق نارس اٹلانٹک کے ساتھ ہونے والے معاہدے اور اچانک آپریشن معطل کیے جانے کے نتیجے میں قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کو بھی برطانیہ سے آنے اور جانے والی 2 پروازوں کی معطلی کی صورت میں کئی ملین ڈالر کے نقصان کا خطرہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بحران عالمی ہوابازی کی صنعت پر جنگی تنازعات کے گہرے اور تباہ کن اثرات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔