آٹا مہنگا،تندور مالکان نے4 دسمبر سے ہڑتال کی دھمکی دے دی
حکومت نے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے سے بڑھا کر 1275 روپے مقرر کردی ہے۔صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن
آٹا مہنگا،تندور مالکان نے4 دسمبر سے ہڑتال کی دھمکی دے دی
لاہور میں تندور مالکان نے آٹا مہنگا ہونے اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) فورس کی کارروائیوں کے خلاف 4 دسمبر سے شہر بھر میں روٹی کی فروخت بند کرنے کا اعلان کردیا۔
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل کے مطابق حکومت نے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے سے بڑھا کر 1275 روپے مقرر کردی ہے، جبکہ پیرا فورس نے رعایتی نرخوں پر آٹا رکھنے والے تندوروں کو سیل کرنا شروع کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک 8 تندور سیل کیے جاچکے ہیں۔ مہنگی ایل پی جی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث 17 روپے میں روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا۔
آفتاب گل نے بتایا کہ لاہور میں تقریباً 15 ہزار تندور موجود ہیں، جنہیں روزانہ 80 کلوگرام والے 15 ہزار آٹے کے تھیلوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر حکومت رعایتی نرخوں پر آٹا فراہم کرے تو تندور مالکان 17 روپے میں روٹی فروخت کرسکتے ہیں، بصورت دیگر 4 دسمبر سے روٹی پکانے کا سلسلہ بند کردیا جائے گا۔
دوسری جانب ایسوسی ایشن نے لاہور کے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دے کر آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر روٹی کی سرکاری قیمت 30 روپے مقرر کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ادھر لاہور کے کمشنر محمد جہانزیب اعوان نے اندرون شہر کا دورہ کرکے مختلف ترقیاتی اور تاریخی عمارتوں کی بحالی کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے موری گیٹ، ٹیکسالی گیٹ، شیرانوالہ گیٹ اور پانی والا تالاب میں جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران نے انہیں نکاسی آب، تاریخی عمارتوں کی بحالی اور زیر زمین پارکنگ و مارکیٹ کے منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
کمشنر نے موری گیٹ میں واقع گورنمنٹ وکٹوریہ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول میں مجوزہ بحالی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔
حکام کے مطابق 1883ء میں تعمیر ہونے والا پانی والا تالاب 518 ستونوں پر قائم ہے اور آج بھی شہر کو پانی کی فراہمی کے اہم ذرائع میں شامل ہے۔
دورے کے دوران کمشنر نے اندرون شہر میں ڈینگی لاروا کی نگرانی کرنے والی ٹیموں کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا اور شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے۔