ایران کے خلاف جنگ پر کوئی افسوس نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

اگر انہیں دوبارہ اسی صورتحال میں فیصلہ کرنا پڑا تو وہ ایک مرتبہ پھر ایران کے خلاف کارروائی کرنے کا انتخاب کریں گے۔

September 11, 2026 · اہم خبریں
فائل فوٹو

فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس اقدام پر کسی قسم کا افسوس نہیں، چاہے اس کے نتیجے میں نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو سیاسی نقصان ہی کیوں نہ اٹھانا پڑے۔

ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر انہیں دوبارہ اسی صورتحال میں فیصلہ کرنا پڑا تو وہ ایک مرتبہ پھر ایران کے خلاف کارروائی کرنے کا انتخاب کریں گے۔

انہوں نے ان قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کردیا کہ جنگ کے باعث ان کے حامی بددل یا مایوس ہوگئے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق ان کے حامی سمجھتے ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے امریکی اقدامات ضروری ہیں اور وہ اس پر فخر کرتے ہیں۔

ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف جاری جنگ وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد ختم ہوجائے گی۔ تاہم ایران جنگ کے باعث تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ امریکی انتخابات سے قبل ریپبلکن امیدواروں کے لیے ایک اہم سیاسی چیلنج بن گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی عوام میں بھی جنگ کی حمایت محدود دکھائی دے رہی ہے۔ رائٹرز اور اِپسوس کے حالیہ سروے میں صرف 25 فیصد امریکیوں نے ایران کے خلاف جنگ کو قابلِ قدر قرار دیا۔