پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اورخودمختاری کی مکمل حمایت کرتا ہے،عاصم افتخار

سعودی عرب کو اپنے شہریوں، ملک میں مقیم افراد اور قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا جائز حق حاصل ہے۔

September 11, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے جانے والے حملے سعودی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ سعودی عرب کو اپنے شہریوں، ملک میں مقیم افراد اور قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا جائز حق حاصل ہے۔

پاکستانی مندوب نے یمن کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ خطرناک مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ انہوں نے بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازوں کو حوثیوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کو بھی تشویشناک قرار دیا۔

عاصم افتخار نے کہا کہ یمن میں مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے سفارتی کوششوں کا راستہ کھلا رہنا چاہیے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمنی قیادت کے ذریعے سیاسی حل کے عمل کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے سلامتی کونسل کے اندر جاری اختلافات اور اس کے باعث پیدا ہونے والے تعطل پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کو اختلافات سے بالاتر ہوکر مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ بین الاقوامی امن و سلامتی کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جاسکے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کے وسیع تر مقاصد کے حصول کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔