موخا ایئرپورٹ پر سعودی عرب کے 2 فضائی حملے، حوثی باب المندب کے قریب پہنچ گئے

ذباب اور پریم پر کنٹرول باب المندب کے علاقے میں اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے

September 11, 2026 · اہم خبریں
فائل فوٹو

فائل فوٹو

یمن کے ساحلی شہر موخا میں حوثیوں کی پیش قدمی کے بعد سعودی عرب نے موخا ایئرپورٹ پر دو فضائی حملے کیے ہیں۔ حوثی میڈیا کے مطابق حملوں میں ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا، تاہم فوری طور پر جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

حوثی جنگجوؤں نے جمعرات کو موخا شہر کا کنٹرول سنبھالا تھا۔ اس سے قبل حوثیوں نے سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی، جس کے بعد بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں لڑائی میں شدت آئی ہے۔

یمنی حکومتی ذرائع کے مطابق حوثی جنگجو باب المندب کے قریب واقع شہر ذباب تک بھی پہنچ گئے ہیں۔ ذباب آبنائے باب المندب کے قریب اور جزیرہ پریم کے سامنے واقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ذباب اور پریم پر کنٹرول باب المندب کے علاقے میں اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔ باب المندب بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے ملانے والی اہم بحری گزرگاہ ہے، جہاں سے ایشیا اور یورپ کے درمیان بڑی مقدار میں تجارتی سامان منتقل ہوتا ہے۔

حوثیوں کی موخا پر پیش قدمی اور باب المندب کے قریب پہنچنے سے بحری آمدورفت اور عالمی تجارت کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ اس صورتحال سے توانائی کی ترسیل اور خطے کی سکیورٹی بھی متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جمعرات کو 26 تجارتی جہاز باب المندب سے گزرے، جو حالیہ اوسط کے قریب تعداد ہے، تاہم حوثیوں کی مزید پیش قدمی کے باعث مستقبل میں اس اہم بحری راستے کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔