ایران سعودی عرب سے جنگ نہیں کر رہا، ایرانی صدر مسعود پزشکیان
مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کو باہمی کشیدگی بڑھانے کے بجائے ایک میز پر بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔
فائل فوٹو
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کوئی جنگ نہیں ہو رہی اور دونوں ممالک کے درمیان تنازع کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
نئی دہلی میں برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر انڈیا ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ جنگ کی حالت میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حوثیوں کے اپنے مسائل ہیں اور ایران پہلے بھی خطے کے ممالک کے درمیان بات چیت کے ذریعے امن و سلامتی کے قیام پر زور دیتا رہا ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کو باہمی کشیدگی بڑھانے کے بجائے ایک میز پر بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ خطے میں امن اور استحکام کے لیے مذاکرات اور تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب نے اہم تیل تنصیبات پر حملے کے بعد ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
عراقی اور سعودی حکام کے مطابق پائپ لائن پر حالیہ حملہ عراق سے کیا گیا، جہاں ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروہ سرگرم ہیں۔
دوسری جانب حوثیوں کی کارروائیوں کے باعث خطے کی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔ باب المندب جیسے اہم بحری راستے کے حوالے سے بڑھتی ہوئی سرگرمیوں نے عالمی سطح پر بھی تشویش پیدا کر دی ہے، کیونکہ یہ راستہ خلیجی ممالک سے تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔