کفایت شعاری نافذ، مارکیٹیں 9 بجے، ریسٹورنٹس 11 بجے بند، سرکاری فیول میں 50 فیصد کٹوتی، غیرملکی دوروں، خریداری پر پابندی
آپریشنل گاڑیاں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضروری خدمات اور ایف بی آر کی گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی، نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد:یٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر وفاقی حکومت نے کفایت شعاری مہم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کفایت شعاری مہم کی مدت 3 ماہ مقرر کی گئی ہے۔
دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کردیے جائیں گے۔ اسی طرح شادی ہالز اور دیگر کمرشل سرگرمیاں رات 10 تک ہوں گی جبکہ تمام ہوٹل، ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے بند کردیے جائیں گے۔
ٹیک آوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز مقررہ 11 بجے کی بندش سے مستثنیٰ ہوں گی جبکہ شادی سے متعلق تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فارمیسی، لیبارٹریز، کلینکس، اسپتال، تندور، پیٹرول پمپس کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔آئی ٹی آلات کی خریداری کے علاوہ تمام پائیدار اشیا کی خریداری پر مکمل پابندی ہوگی۔
3 ماہ کےلیے بیرون ملک سرکاری دوروں اور سفر پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ناگزیر بیرون ملک دوروں کی صورت میں وزراء، مشیران، سرکاری افسران اکانومی کلاس میں سفر کریں گے۔
سرکاری اجلاس ترجیحاً ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری عشائیوں کی میزبانی پر پابندی ہوگی جبکہ غیرملکی وفود کے اعزاز میں پیش کیے جانے والے عشائیے اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
حکومت کے خرچ پر سرکاری سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز پر بھی پابندی ہوگی۔ ناگزیر سرکاری تقریبات کیلئے سرکاری آڈیٹوریم اور کمیٹی رومز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
50 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کردی جائیں گی جبکہ سرکاری گاڑیوں کےلیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
آرمڈ فورسز، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑیاں ایندھن کی کمی سے مستثنیٰ ہوں گی جبکہ ضروری سروسز اور ایف بی آر کی آپریشنل گاڑیاں ایندھن میں کمی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
مالی سال 27-2026 کے نان ای آر ای بجٹ میں 5 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام اقسام کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔