سرجانی ٹاؤن: ماں اور 3 بچوں کے قتل میں ملوث سفاک ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

ملزم نے فرار ہوتے ہوئے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، اے ایس آئی نعمان شیخ گولی لگنے سے شدید زخمی ۔

September 18, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: سرجانی ٹاؤن میں ماں اور3 معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کرنے والا اہم ملزم پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی انجام کو پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس زیرِ حراست ملزم محمد ہمایوں خان ولد حسن خان کو آلۂ قتل (لوہے کا سریا) کی نشاندہی اور برآمدگی کے لیے جائے وقوعہ پر لے کر گئی تھی۔ اس دوران جب پولیس افسران اور اہلکار آلۂ قتل کی تلاش میں مصروف تھے،تو ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک پولیس اہلکار کا پسٹل چھین لیا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔

ملزم نے فرار ہوتے ہوئے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی نعمان شیخ گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق، دیگر اہلکاروں نے اپنے زخمی ساتھی کی حفاظت اور خود دفاع میں فوری جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ملزم موقع پر ہی شدید زخمی ہو کر ہلاک ہو گیا۔

زخمی اے ایس آئی نعمان شیخ کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے واقعے کی قانونی کارروائی شروع کر کے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔