حکمران کیلئے وسائل میں سب سے قیمتی چیز وقت ہے، مریم نواز

سرکاری جہاز کے استعمال پر تنقید کا جواب، پونے 3 کروڑ روپے اپنی جیب سے ادا کیے، وزیراعلیٰ پنجاب

September 18, 2026 · اہم خبریں
فائل فوٹو

فائل فوٹو

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری طیارے کے استعمال پر ہونے والی تنقید کا بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے سوچا کہ اب جہاز پر تنقید ہو رہی ہے تو کیوں نہ چنگچی رکشے میں ملتان چلی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ ملتان آئی ہیں اور کل سرگودھا، راولپنڈی، ڈی جی خان، بھکر اور لیہ جائیں گی، ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ کس پر بیٹھ کر سفر کریں گی۔

اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ایک حکمران کیلئے دستیاب وسائل میں سب سے قیمتی چیز وقت ہوتا ہے، جسے عوام کی خدمت میں صرف کرنا اس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ وہ اپنی بیٹی کی گریجویشن کی تقریب میں شرکت کیلئے سرکاری جہاز پر گئیں، لیکن اس دورے کے اخراجات کی مد میں پونے 3 کروڑ روپے انہوں نے اپنی جیب سے ادا کیے ہیں۔