شہداء کی قربانیاں قوم کیلئے مشعل راہ، ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا،صدر و وزیراعظم

ملک کے دفاع، امن اور سلامتی کے لیے جانیں قربان کرنے والے سیکیورٹی اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں

September 18, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابی کو سراہتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان اور ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران خوارج کے خلاف کامیابی پر فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، جبکہ وطن کے دفاع اور امن کے لیے جانیں قربان کرنے والے جوان قوم کے لیے قابل احترام ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خیبر پختونخوا کے اضلاع ہنگو اور شمالی وزیرستان میں کارروائیوں کے دوران 10 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہونے والے 6 سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے دفاع، امن اور سلامتی کے لیے جانیں قربان کرنے والے سیکیورٹی اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں، شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں اور ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے عزم استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔