ایران کے پاسداران انقلاب کا آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
سمندری قوانین کی خلاف ورزی، ٹوگو کے پرچم بردار جہاز کو روکا، کارروائی جاری ہوگی۔
آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے سمندری واقعے کے بعد سکیورٹی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
تہران: ایران کے اسلامی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں خلاف ورزی پر ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسداران انقلاب کے ترجمان نے بتایا کہ آبنائے ہرمز میں خلاف ورزی پر ٹوگو کے پرچم بردار آئل ٹینکر ٹرینڈ کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی اور اسے حراست میں لے لیا گیا۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق مذکورہ آئل ٹینکر نے آبنائے ہرمز سے غیر قانونی طور پر گزرنے کی کوشش کی تھی، جس کے باعث یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس سے قبل پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کے مغربی علاقے کی فضائی حدود میں ایک جدید ایم کیو-1 ڈرون کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم سکیورٹی ادارے نے آبنائے ہرمز میں عمان کے شہر خصب سے تقریباً 30 کلومیٹر شمال مشرق میں ایک سکیورٹی واقعے کی اطلاع دی ہے، تاہم ادارے نے ابتدائی طور پر متاثرہ جہاز کی شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔ ذرائع کے مطابق آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت پہلے ہی معمول سے بہت کم ہو چکی ہے اور جمعرات کے روز صرف 4 تجارتی جہاز اس راستے سے گزرے، جبکہ گزشتہ 10 دن کی اوسط تقریباً 16 جہاز روزانہ رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی تجارت کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے، اس لیے یہاں پیش آنے والے ایسے واقعات سے عالمی تیل کی سپلائی اور قیمتوں پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔