کوہاٹ پولیس لائنز کے قریب خودکش دھماکا، 15 افراد شہید، 50 سے زائد زخمی

بارودی مواد سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا۔ واقعے کے بعد فائرنگ کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

September 18, 2026 · اہم خبریں

کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز میں دھماکہ ہوا

کوہاٹ: پولیس لائنز کے قریب نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد شہید جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا، جس کے باعث مسجد کے بیرونی حصے کو شدید نقصان پہنچا اور ایک دیوار بھی منہدم ہوگئی، جبکہ دھماکے کی شدت سے جائے وقوعہ کے قریب گڑھا پڑ گیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق بارودی مواد سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا۔ واقعے کے بعد فائرنگ کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا، جہاں متاثرین کے علاج کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

ڈی ایچ کیو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر طاہر علی شاہ کے مطابق اسپتال میں 15 لاشیں اور 50 سے زائد زخمی لائے گئے ہیں۔ زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس نے کوہاٹ، ہنگو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا جبکہ پولیس لائنز کے اطراف اضافی نفری تعینات کردی گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔