پاکستان سے مجموعی طور پر 27 لاکھ سے زائد غیر قانونی افغان باشندے وطن واپس

وسیع تر کریک ڈاؤن، پنجاب سے ہزاروں افرادخارج، ہولڈنگ سینٹرز قائم۔

September 18, 2026 · اہم خبریں
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پاکستان بھر سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی بے دخلی کا عمل جاری ہے، جس کے تحت اب تک مجموعی طور پر 27 لاکھ 60 ہزار 653 افغان باشندوں کو ان کے وطن واپس بھجوایا جا چکا ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق صرف پنجاب سے 1 لاکھ 42 ہزار 820 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو واپس بھجوایا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبہ بھر میں رہائشی علاقوں اور مارکیٹس کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔ غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ سینٹرز میں لایا جاتا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ اس وقت پنجاب میں 39 ہولڈنگ سینٹرز کام کر رہے ہیں جن میں 213 افغان شہری موجود ہیں۔ ان سینٹرز میں غیر قانونی افغان باشندوں کی عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے تمام انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں سے انہیں طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام کارروائیاں صرف اور صرف غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کی جا رہی ہیں۔ اس ضمن میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افغان شہریوں کے غیر قانونی قیام، شناخت کی جعلسازی یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔ حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اطلاع دینے والے شہریوں کی شناخت مکمل طور پر صیغه راز میں رکھی جائے گی۔