کوہاٹ پولیس ہیڈکوارٹرز پر حملے میں جاںبحق افرادکی تعداد 31 ہوگئی
حملہ جمعے کی سہ پہر کوہاٹ کے اولڈ پولیس لائنز کمپلیکس میں کیا گیا، جہاں ضلعی پولیس ہیڈکوارٹر کے علاوہ انسداد دہشت گردی شعبے، اسپیشل برانچ اور پولیس کے دیگر اہم دفاتر قائم ہیں۔
فوٹو سوشل میڈیا فیس بک
کوہاٹ میں پولیس ہیڈکوارٹرز پر دھماکے اور فائرنگ کے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 31 ہوگئی، جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 16 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ جمعے کی سہ پہر کوہاٹ کے اولڈ پولیس لائنز کمپلیکس میں کیا گیا، جہاں ضلعی پولیس ہیڈکوارٹر کے علاوہ انسداد دہشت گردی شعبے، اسپیشل برانچ اور پولیس کے دیگر اہم دفاتر قائم ہیں۔
حکام کے مطابق حملے کے دوران دھماکے کے ساتھ فائرنگ بھی کی گئی، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ ہفتے کے روز تک کمپلیکس کے اسپیشل برانچ والے حصے میں بعض حملہ آوروں کی موجودگی کی اطلاع تھی اور ان کے خلاف کارروائی جاری تھی
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا جبکہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حملے کے نتیجے میں پولیس کمپلیکس کے بعض حصوں کو بھی نقصان پہنچا۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ عرصے میں عسکریت پسندی کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستانی حکام خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ہونے والے حملوں کا الزام افغانستان میں موجود عسکریت پسندوں پر عائد کرتے ہیں، جبکہ کابل میں طالبان حکومت ان الزامات کی تردید کرتی ہے۔