اسلام آباد مارچ کسی جماعت یا فرد کی ذات کیلئے نہیں،حافظ نعیم
حکمت عملی کے تحت کارکنان اسلام آباد روانہ ہو چکے ہیں، جبکہ بلوچستان سے بھی کاروان روانہ کیا جائے گا۔
اسلام آباد مارچ کسی جماعت یا فرد کی ذات کیلئے نہیں،حافظ نعیم
کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کینٹ اسٹیشن پر ٹرین مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد مارچ کسی جماعت یا فرد کی ذات کے لیے نہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کیا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمت عملی کے تحت کارکنان اسلام آباد روانہ ہو چکے ہیں، جبکہ بلوچستان سے بھی کاروان روانہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں اور سفید پوش طبقہ بھی مشکلات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ حکومت اپنی ناقص طرز حکمرانی کا بوجھ عوام پر منتقل کر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کی جائے۔ ان کے مطابق حکومت عالمی منڈی میں قیمتوں کا حوالہ دے کر عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کو اشرافیہ کے اخراجات کم کرنے، بڑی گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنے اور آئی پی پیز سے متعلق معاملات میں اصلاحات پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئی پی پیز، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، ریفائنریوں، آٹے اور چینی کے شعبوں میں حکومتی نمائندوں کی موجودگی کے باوجود اس کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عوام گھروں میں بیٹھ کر حالات برداشت کرتے رہے تو مسائل مزید بڑھیں گے، اسی لیے جماعت اسلامی نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کے مطابق جماعت اسلامی نے کراچی میں 35 روز تک دھرنا دیا جبکہ سکھر، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں بھی احتجاج جاری ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں مارچ اور دھرنے بھی کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو شدید گرمی میں احتجاج کرنے کا شوق نہیں، تاہم عوامی مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج ضروری سمجھا جا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ لیوی ختم نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور یہ صورتحال حکومت کے خلاف تحریک میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت حالات کو سمجھے، یہ کسی کی انا کا مسئلہ نہیں۔ حکومت چاہے تو لیوی ختم کرکے اس فیصلے کا کریڈٹ بھی لے سکتی ہے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کے مطابق سندھ میں امیر صوبہ سندھ کاشف سعید شیخ مختلف ریلوے اسٹیشنز پر ٹرین مارچ کے شرکا کا استقبال کریں گے۔ کراچی کینٹ اسٹیشن پر خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی شرکا کو رخصت کرنے کے لیے موجود تھی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسلام آباد پہنچنے کے بعد خواتین کارکنان کو بھی مارچ میں شامل کیا جائے گا۔