کراچی: احسن آباد کے فلیٹ سے ڈاکٹر، اہلیہ اور 3 بچوں کی کئی روز پرانی لاشیں برآمد

خودکشی کا خدشہ یا کچھ اور؟وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس، رپورٹ طلب

September 20, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی:شہرِ قائد کے علاقے سائٹ احسن آباد میں ایک بند فلیٹ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی پراسرار حالت میں گل سڑ چکی لاشیں ملنے سے علاقے میں شدید سنسنی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں گھر کا سربراہ (جو پیشہ ورانہ طور پر ڈاکٹر تھا)، ان کی زوجہ اور 3 کمسن بچے شامل ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ایک عمارت کی ساتویں منزل پر واقع فلیٹ میں پیش آیا، جہاں ایک ہی کمرے سے پانچوں لاشیں برآمد ہوئیں۔ فلیٹ کا مین دروازہ اندر سے مکمل بند تھا، جس کے باعث پولیس کو دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونا پڑا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق تمام لاشیں کئی روز پرانی ہیں اور شدید خراب ہو چکی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے باریک بینی سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی شواہد اور اندر سے بند دروازوں کی بناء پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خاندان نے ممکنہ طور پر خودکشی کی ہے، تاہم موت کی اصل اور حتمی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی ہو سکے گا۔ تمام لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

 واقعے کی خبر پھیلتے ہی سندھ حکومت کی دوڑیں لگ گئیں۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ایس ایس پی خود اس کیس کی نگرانی کریں اور تمام سائنسی و قانونی ذرائع استعمال کرتے ہوئے واقعے کی حقیقت کو جلد از جلد سامنے لائیں۔