اس بار لاشیں گریں تو اسلام آباد کو سومناتھ بنادیں گے، جنید اکبر

موٹروے، جی ٹی روڈ، ڈی آئی خان کے راستوں کے علاوہ مارگلہ کے پہاڑوں کے ذریعے بھی اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔ کنونشن سے خطاب

September 20, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مردان: پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہے ریاست گولی چلائے گی مگر اس بار ایسا نہیں ہوگا کہ لاشیں اٹھائیں گے اور واپس چلے جائیں گے ہم اسلام آباد کو سومناتھ بنادیں گے۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ پی ٹی آئی کارکنان صرف ایک راستے پر انحصار نہیں کریں گے بلکہ موٹروے، جی ٹی روڈ، ڈی آئی خان کے راستوں کے علاوہ مارگلہ کے پہاڑوں کے ذریعے بھی اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلی بار احتجاج میں ہم شاک میں تھے، ہم ریاست کو ماں سمجھ رہے تھے اور ہمیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ ریاست گولیاں بھی چلا سکتی ہے ہم خاموشی اپنی لاشیں اٹھا کر واپس آگئے، اس بار ہمیں پتا ہے ریاست گولی چلائے گی لیکن اس دفعہ اس طرح نہیں ہوگا کہ ہم اپنی لاشیں اٹھا کر انہیں دفن کریں اور خاموش رہیں یا لاشیں اٹھائیں اور پھر لوٹ آئیں گے اس بار ہم اسلام آباد کو سومناتھ بنادیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال دی گئی ہے، جس کی تیاریوں کے سلسلے میں صوبے بھر میں ورکرز کنونشنز اور تحریکی سرگرمیوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔