اگر دہشتگرد بن کر آئے تو واپس جانے نہیں دیں گے، طلال چوہدری
اسلام آبادہائی کورٹ کےحکم پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے گا، کوئی غیرقانونی کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فوٹو سوشل میڈیا ( ایکس)
اسلام آباد:وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ اگر دہشت گرد بن کر آئے تو پھر واپس جانے نہیں دیں گے۔
وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ اگر آپ پرامن شہری ہیں تو ہر راستے سے اسلام آباد آئیں، اگر دہشت گرد بن کرآئیں گے تو پھر واپس جانے نہیں دیں گے۔
طلال چوہددری نے کہا کہ اسلام آبادہائی کورٹ کےحکم پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے گا اور کوئی غیرقانونی کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی ان سےکنٹرول نہیں ہورہی، خیبرپختونخوا میں صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے بھی پی ٹی آئی کے احتجاج پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اس سے انتشار اور تباہی پھیلانے کا منصوبہ قرار دیا گیا۔
لانگ مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کے بیان پر ردعمل میں عطااللہ تارڑ نے کہا کہ جنید اکبر کا بیان بتاتا ہے کہ ان کا مقصد صرف انتشار اور تباہی پھیلانا ہے، یہ لوگ پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتے بلکہ تشدد اور خون خرابہ چاہتے ہیں۔